2 نومبر 2012 - 20:30

گلگت بلتستان سے آئے ہوئے وفود سے ملاقات کے دوران سربراہ شیعہ علماء کونسل پاکستان نے کہا کہ آزادی ہمیشہ قربانیوں سے حاصل ہوتی ہے اور جس طرح ڈوگرہ راج کے خلاف خطے کے بہادر سپوتوں نے کردار ادا کیا اسے سلام پیش کرتے ہیں۔

ابنا: ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سینئر نائب صدر علامہ سید ساجد علی نقوی نے گلگت بلتستان کی عوام کو 65 ویں یوم آزادی کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس طرح ڈوگرہ راج کے ظلم کے سامنے قوم کے بہادر بیٹے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئے اسے رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔ بنیادی حقوق کے حصول کیلئے ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلگت بلتستان سے آئے ہوئے وفود سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے سربراہ شیعہ علماء کونسل پاکستان سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔ اس موقع پر علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ آزادی ہمیشہ قربانیوں سے حاصل ہوتی ہے اور جس طرح ڈوگرہ راج کے خلاف خطے کے بہادر سپوتوں نے کردار ادا کیا اسے سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح گلگت بلتستان کے عوام نے آزادی کی خاطر جدوجہد کی اب وقت آگیا ہے کہ آزادی کے ثمرات بھی عوام تک پہنچیں اور ان کا معیار زندگی مزید بہتر ہوسکے۔ اس موقع پر انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ ان کے بنیادی حقوق کے حصول کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں۔...../169